نابلس: اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے نواحی علاقے اریحا میں کارروائی کے دوران مزید سات فلسطینی شہید کردئے۔اسرائیلی فوج نے جیریکو سے ملحقہ عقبات جبر پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بولا، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانے پر گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تھا۔ اس موقع پر جھڑپ میں فلسطینی مارے گئے۔ بڑی تعداد میں اسرائیلی فوج پناہ گزینوں کے کیمپ میں داخل ہوئی جس سے تصادم شروع ہو گیا۔ بھاری ہتھیاروں سے لیس فوجیوں نے مقامی نوجوانوں پر فائرنگ کی جس سے سات نوجوان مارے گئے۔ فوجیوں نے طبی عملے کے کام میں بھی رکاوٹ ڈالی اور ایک ایمبولینس پر حملہ کیا۔ فوجیوں نے پناہ گزین کیمپ میں کئی گھروں میں توڑ پھوڑ بھی کی اور چند فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔