عمران خان جلد نااہل ہو جائیں گے، شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان ملاقات میں گفتگو
جرات ڈیسک
هفته, ۴ فروری ۲۰۲۳
شیئر کریں
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو قومی اسمبلی کے آئندہ ماہ ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لینا چاہیے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے عمران خان کے مختلف مقدمات کے متعلق گفتگو کی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امید واثق ہے کہ عمران خان جلد نااہل ہو جائیں گے، پی ڈی ایم کو قومی اسمبلی کے آئندہ ماہ ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لینا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پنجاب و خیبر پختونخوا میں امن و امان اور اقتصادی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہی الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ دینی چاہیے۔ شہباز شریف نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں تمام جماعتوں کو الیکشن اور معیشت سمیت تمام قومی امور پر متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے، ہم ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کے لیے دن رات کوشش کر رہے ہیں، مہنگائی کی لہر پر جلد قابو پا لیں گے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم تعمیری سیاست پر یقین رکھتے ہیں، یہ وقت تخریبی سیاست کا نہیں۔