لاہور: وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ یہ میری ذاتی رائے ہے کہ ملک بھر میں انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہئیں کیونکہ الگ الگ انتخابات مزید تقسیم کا باعث بنے گااورملک انتشار کا شکار ہوگا۔
لاہور میں وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین کی پاسداری اپنی جگہ پر ہے لیکن اس ملک میں مختلف مواقع پر انتخابات کا التوا ہوا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں التوا ء کا مقصد ہر گز یہ نہیں ہے کہ ہم الیکشن سے بھاگنا چاہتے ہیں جبکہ ہم نے الیکشن بدترین حالات میں بھی لڑا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پی ڈی ایم کی کوئی جماعت نہیں بھاگتی ہے کیونکہ یہ پرانی جماعتیں ہیں اور کئی بار الیکشن لڑ چکی ہیں جس میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے لیکن ملک کو مزید کسی بحران کا شکار نہیں کیا جاسکتا ہے ۔
وزیرریلوے نے کہا کہ ہم انتخابات کے لئے مان جائیں اور پھر اگلا الیکشن کمیشن کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کرے جبکہ وہ ادارہ آئین کے تحت بنا ہوا ہے جسے آئینی تحفظ حال ہے۔
خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ ایسے حالات نہیں تھے کہ دو صوبائی اسمبلیاں توڑ دی جائیں، وزرائے اعلیٰ کو دبائو میں لا کر اسمبلیاں تڑوائی گئیں، اب ملک کی صورتحال مزید انتشار کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کو متحد ہونا چاہیے اور تحریک انصاف کو اے پی سی میں شرکت کرنی چاہیے، انہیں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، دہشتگردی کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہوکر کردار ادا کرنا چاہیے۔