پی ٹی آئی کے 43 ارکان اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا حکم معطل
جرات ڈیسک
بدھ, ۸ فروری ۲۰۲۳
شیئر کریں
لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے 43 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا حکم معطل کر دیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی ایم این اے ریاض فتیانہ سمیت 43 سابق ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ پی ٹی آئی ارکان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ استعفے منظور کرنے کے لیے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ جسٹس شاہد کریم نے استفسار کیا کہ بتائیں کن قانونی تقاضوں کو پورا نہیں کیا گیا؟ بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ اسپیکر نے استعفے منظور کرنے سے قبل آئین کے تحت انکوائری نہیں کی، ارکان اسمبلی استعفی منظور کرانے کے لیے اسپیکر کے پاس پیش نہیں ہوئے، ارکان کو سنے بغیر اسپیکر استعفے منظور نہیں کرسکتا۔ عدالت نے 43 ارکان اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا حکم معطل کر دیا اور 43 حلقوں میں ضمنی الیکشن بھی تاحکم ثانی روک دیا۔عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔